Type Here to Get Search Results !

ہماری کردار کشی کرنے والے پہلے اپنا گریبان جھانک لیں، مجرہ معاملہ بتادوں گا تو منہ دکھانے لائق نہیں رہوگے

ہماری کردار کشی کرنے والے پہلے اپنا گریبان جھانک لیں، مجرہ معاملہ بتادوں گا تو منہ دکھانے لائق نہیں رہوگے. مجلس پر تنقید 

 مالیگاؤں (12 جنوری – ہم بھارت )

انڈین سیکولر لا رجسٹس اسمبلی آف مہاراشٹر (I.S.L.A.M) کے بانی اور قائد آصف شیخ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بھگوا پرچم لہرانے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام سیکولر فرنٹ کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔


آصف شیخ نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں لینڈ جہاد کے نام پر سخت کارروائی کا وعدہ کیا ہے، جو دراصل دستور کے خلاف ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس طرح کے نعروں کے ذریعے خاص طور پر مسلم علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سب سے پہلے قلعہ بستی جیسے علاقوں پر کارروائی کی بات کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بی جے پی کی یہ پالیسی کھلی مسلم دشمنی ہے، جس کے مقابلے کے لیے سیکولر فرنٹ کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ جنم داخلہ کے معاملے میں ہزاروں خواتین کو جیل بھیجا گیا اور اب تک تقریباً 3400 درخواستیں رد کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ایس آئی آر کے نام پر بھی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کو چاہیے کہ وہ رکشا اور سائیکل کے نشان پر ووٹ دے کر سیکولر قوتوں کو مضبوط کریں۔


آصف شیخ نے وارڈ نمبر 17 میں اسعد اللہ خان کی صدارت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ باہر سے آ کر یہاں الیکشن لڑ رہے ہیں، انہوں نے اس وارڈ میں کبھی کوئی عوامی کام نہیں کیا۔ اب وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور ذاتی معاملات پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔


آصف شیخ نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر میں نے یہ بتانا شروع کر دیا کہ مجرہ دیکھنے کے نام پر کون کیا کرتا رہا ہے تو بعض لوگ شہر میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ اپنی باتوں کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جلگاؤں ضلع کے مائے جھیل نامی گاؤں میں کون کیا کرتا ہے اگر وہ سب منظر عام پر آ گیا تو کئی لوگ اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔


آصف شیخ نے کہا کہ کردار پر بات کرنے والے خود عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور ان کی آڈیو کلپس بھی گردش میں ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نعمانی نگر پاٹ کینل کی زمین کا مسئلہ الیکشن کے بعد حل کر لیا جائے گا اور کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، بستی کی ایک انچ زمین بھی کوئی نہیں ہتھیا سکتا۔


پارٹی قائد نے بتایا کہ وارڈ نمبر 17 میں کئی سڑکیں کنکریٹ کی جا چکی ہیں اور کچھ سڑکوں کی تعمیر جلد شروع ہوگی۔ جذباتی انداز میں آصف شیخ نے کہا کہ اس وارڈ کے عوام نے شیخ رشید خاندان کو بے حد محبت دی ہے، اسی لیے وہ اس وارڈ کو اپنا گھر نہیں بلکہ اپنا کنبہ سمجھتے ہیں۔ان کی پارٹی نے ہمیشہ کام کرنے والے امیدوار میدان میں اتارے ہیں اور وہ کارپوریشن انتخابات میں مالیگاؤں کے تحفظ، ترقی اور خوشحالی کا وعدہ کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 15 جنوری کو رکشا کے نشان پر ووٹ دے کر نہ صرف اس وارڈ بلکہ پورے شہر میں سیکولر فرنٹ اور پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔


مقامی ایم ایل اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی اور جھوٹ پھیلانے کا نہیں ہے۔ اگر کوئی شہر کے لیے کچھ نہیں کر سکتا تو کم از کم دوسروں کو بدنام نہ کرے اور عوام سے کہا کہ شہر کو آپس میں بانٹنے والی سیاست سے بچیں۔


آخر میں آصف شیخ نے الزام لگایا کہ وارڈ نمبر 17، 19، 20 اور 21 میں نقلی نوٹوں کی تقسیم کی جا رہی ہے، جس پر پولیس اور الیکشن انتظامیہ کو فوری توجہ دینی چاہیے۔ اگر کارروائی نہ ہوئی تو 17 جنوری کے بعد وہ خود اس معاملے کی انکوائری کرائیں گے۔ واضح کیا کہ وہ عوام کو دھوکہ نہیں دیتے اور جو لوگ دھوکہ دہی کرتے ہیں، انہیں چھوڑتے بھی نہیں۔


اس جلسہ عام میں ایڈوکیٹ ہدایت اللہ، سلیم منا، ریاض میمن، عبد المنان بیگ، اسلم انصاری، حاجی خالد شیخ رشید اور احسان شیخ رمضان نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوام سے ووٹ کی اپیل کی۔

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

#codes