Type Here to Get Search Results !

سروے نمبر 107,میں جب کارپوریشن نے زمین خریدی ہے تو 'القریش قبرستان' نام کیوں

مختلف برادریوں کے نام سے جماعت خانہ بنانے کے بعد قبرستان پر بھی ایک طبقہ کی اجارہ داری خطرناک: ابراہیم انقلابی

مالیگاؤں (پریس نوٹ) سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے قریش برادری کے چند افراد اور کچھ مخصوص لوگوں کو لیکر کارپوریشن کے ذریعہ قبرستان کیلئے خریدی گئی زمین کا دورہ کیا اور جنازہ ہال، وضو خانہ، طہارت خانہ، وال کمپاؤنڈ اور دیگر بنیادی سہولیات کارپوریشن کے ذریعہ فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔ مالیگاؤں میں ایک نئے قبرستان کے اضافے کیلئے آصف شیخ رشید کی جدوجہد قابل مبارکباد ہے لیکن اس دورہ اور جائزہ کے ہمراہ اس نئے قبرستان کو 'القریش قبرستان' کا نام دینے پر ہر طرف سے حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اور شہر کی عوام قبرستان معاملہ میں ذات اور برادری کو ناپسندیگی کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔ اس فکر و نظریہ کیساتھ معروف سماجی ورکر ابراہیم انقلابی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدیم مالیگاؤں میں چھوٹا قبرستان پر ایک مخصوص برادری کی اجارہ داری نے بڑا قبرستان کے قیام کو تحریک دی تھی۔ لیکن مالیگاؤں کارپوریشن کے ذریعہ سروے نمبر 107,میں خریدی گئی زمین پر قریش برادری کا  مخصوص نام دینا غلط اور خطرناک ہوسکتا ہے۔اس طرح قدیم مالیگاؤں کے لوگوں نے قبرستان کے معاملہ میں ذات اور برادری کے فتنہ کو برسوں پہلے ہی ختم کردیا تھا۔  ابراہیم انقلابی نے کہا کہ جب کارپوریشن نے زمین مالکان کو سرکاری قیمت دیکر زمین خرید لی ہے تو وہ جگہ کارپوریشن ملکیت میں شمار کی جائیگی اسلئے زمین مالکان کی اجارہ داری بھی خود بخود ختم ہوگئی۔ اب اصولی طور پر جنرل بورڈ کی منظوری کیساتھ اکثریتی رائے سے اس قبرستان کو نام دینا صحیح ہوگا۔ جس طرح عائشہ نگر قبرستان اور سمکسیر قبرستان ہے اس نئے قبرستان کو بھی یوار واڑی، یا فارمیسی نگر جیسے نام سے یاد کیا جاسکتا ہے یا پھر مسلم قبرستان بھی کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سیاست میں انصار جماعت خانہ، منیار جماعت خانہ، عطار جماعت خانہ، کھاٹک جماعت خانہ، منصوری جماعت خانہ جیسے نام دیئے جاچکے ہیں لیکن قبرستان میں جب ہر کلمہ گو اور ایمان والے کو دفن کیا جائے گا تو پھر ایک مخصوص برادری کا نام اور اجارہ داری شہر کیلئے خطرناک رجحان ہوسکتا ہے اسلئے مالیگاؤں کارپوریشن پر صاحب اقتدار کو عوامی رائے کا لحاظ کرتے ہوئے اس نئے قبرستان کا نام دینا چاہیئے اس طرح کی پریس نوٹ ابراہیم انقلابی نے بغرض اشاعت روانہ کی ہے

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

#codes